اسلام آباد، نارووال،شیخوپورہ (خبر نگارخصوصی ،نمائندہ 92نیوز،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ن لیگی رہنماؤں احسن اقبال،شاہد خاقان عباسی ،رانا تنویر اور مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریلیف پیکج سیاست کی نظر نہ کیا جائے ،آٹا چینی بحران کی رپورٹ منظرعام پر لائی نہیں گئی بلکہ میڈیا پر لیک ہوئی۔سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ ریلیف پیکج سیاست کی نظر نہ کیا جائے ، یہ ظلم ہو گا ، چیف جسٹس سپریم کورٹ وزیر اعظم کے بیان کا نوٹس لیں ، حکومت تحریک انصاف کے لوگوں کو نوازنے کیلئے ریلیف پیکیج کا استعمال کررہی ہے ،وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ابھی موقع ہے ٹائیگرز فورس اپنے اپنے حلقے درست کرلے ،وزیر اعظم کا یہ بیان نہایت ہی قابل مذمت ہے ، قبل ازیں احسن اقبال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نارووال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 400 حفاظتی کیٹس اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کیں ۔ادھر سابق وزیراعظم شا ہد خاقان عباسی نے کہا کہ چینی بحران کے حقائق قوم کے سامنے لانا ضروری ہے ۔چینی بحران رپورٹ حکومت نے جاری نہیں کی بلکہ میڈیا پر لیک ہوئی۔ لوگ پوچھ رہے ہیں چینی میں 40 فیصد اضافہ کیسے ہوا، قوم کے سامنے حقائق لانا ضروری ہے کہ حکومت نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جس سے قیمت میں اضافہ ہوا، رپورٹ میں ثانوی ایشوز پر بات کی گئی ، قیمتیں بڑھنے کے باوجود حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا، ۔ انہوں نے کہاچینی بحران کی اصل رپورٹ عوام کے سامنے لانا ضروری ہے ، ایکسپورٹ کی اجازت ملتے ہی چینی کی قیمت بڑھی۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے ملک میں ڈاکٹرز کو پی پی ای کٹس نہ ملنے پر افسوس اور احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور حکومتی ترجمان کو نوازشریف اور شہبازشریف پہ الزام لگانے سے فرصت ملے تو کورونا کے متاثرین پر توجہ دے ۔علاوہ ازیں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی و نواز لیگ کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ ملک کے اندر آٹے اور چینی کے بحران کے موقع پر ن لیگ نے واضح طور پر کہا تھا کہ اسکے تانے بانے وزیر اعظم ہاؤس سے ملتے ہیں آج وقت نے ثابت کردیا کہ آٹا اورچینی کا بحران پیدا کرنے والے خود حکومت کے وزرا اوروزیر اعظم کا کچن چلانے والے ہیں۔