اسلام آباد،لاہور،پشاور ( خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)مختلف سیاسی رہنماؤں نے قومی اسمبلی سے فاٹا بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے فاٹا کے عوام کو دلی مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے کہا 1947ئکے بعد فاٹا کے عوام کو دوسری آزادی ملی ہے ،اب فاٹا کے لیے ترقی کا راستہ کھلے گا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاطویل عرصہ آزادی کی جدوجہد کے بعداب فاٹا سے ایف سی آر جیسے کالے اور ظالمانہ قوانین کا خاتمہ ہوجائیگا ۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم ہونے پر ساری قوم کو مبارکباد دی اور ممبران قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا فاٹا کا انضمام ملکی سلامتی اور مضبوطی کا ضامن ہوگا، فاٹا کے عوام نے بہت تکالیف اور نقصانات اٹھائے ، وقت آگیا ہے کہ ان کے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ترقی کا عمل شروع کیا جائے ،اس تاریخی مرحلے کیلئے ہمارے مشران نے سختیاں جھیلیں اور مسلسل جدوجہد کی ہے ، آج کا دن ساری دنیا میں بسنے والے پختونوں کیلئے خوش بختی کا دن ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام نے فاٹا کے عوام کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کہ یہ قبائلی عوام کاوہ تاریخی دن ہے جس سے تاریکیوں کاخاتمہ کیاگیا، فاٹاکے عوام کوحقیقی معنوں میں حقوق مل گئے جوقائد مسلم لیگ(ن)نوازشریف کی مرہون منت ہے ، اب پاکستان کے تمام قوانین فاٹاپرلاگو ہوں گے اور ایف سی آر جیسے کالے قانون کامکمل صفایاکردیاگیاہے ، فاٹامیں اب ترقی کی کرنیں روشن ہوں گی۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید نے بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا اس سے فاٹا میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے ،فیصلہ فاٹا کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور نے کہافاٹا اصلاحات بل کا قومی اسمبلی سے پاس ہونا تاریخی اقدام ہے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں،ہم نے شروع دن سے فاٹا اصلاحات کیلئے بات کی تھی۔تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا عام انتخابات کے بعد فاٹا سے صوبہ کا پہلا وزیراعلیٰ ہونا چاہئے ،حکومت نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرکے قبائلی عوام کے دل جیت لئے ۔