راولپنڈی(جوہر مجید سے ) ادویات تیار کرنے والی مقامی فارما سوٹیکل کمپنی کیرا وے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے معیارکے مطابق ادویات تیارنہ کرنے کاانکشاف ہواہے ۔ ڈریپ کی انسپکشن ٹیم نے رپورٹ تیار کر کے مزید کارروائی کے لئے ڈریپ کے اعلیٰ حکام کو بھجوادی۔روزنامہ 92نیوز ذرائع کے مطابق عید سے قبل ڈریپ کے سینئر ڈرگ انسپکٹر احسن افضال نے ٹیم کے ہمراہ کیرا وے فارما سوٹیکل کمپنی میں ادویات کی تیاری کامعائنہ کیاتو انکشاف ہوا کہ فیکٹری کا ادویات کو بہترین ماحول میں تیار کرنے والا (ایچ وی اے سی) ہیٹنگ وینٹی لیشن ایئر کنڈیشنگ سسٹم کی مشین ہی خراب ہے اور سٹیبلٹی چیمبر سرے سے موجود ہی نہ تھا جہاں مارکیٹ میں دوائی بھیجنے کے بعد اس کے سمپل رکھے جاتے ہیں تا کہ دوائی کے معیار کا اندازہ ہو سکے ۔ یہاں ہر بیج کے 50 کے لگ بھگ سمپل رکھے جاتے ہیں تا کہ ان کو ایکسپائری کے دوران مانیٹرکیا جاسکے ۔ خدا نخواستہ کوئی خرابی نظر آئے تو مارکیٹ سے پورا بیج ہی اٹھا لیا جاتا ہے تا کہ مریضوں کا جانی نقصان نہ ہو جبکہ انجکشن سیکشن زیر مرمت ہونے کے باوجود کام کر رہا تھا۔ انتہائی غیر مناسب ماحول میں انجکشنزکی تیاری جاری تھی۔ ڈرگ انسپکٹرڈریپ احسن افضال نے ٹیبلٹ کے مکسنگ سیکشن کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ یہاں کی چھت سے بارشی پانی ٹپکتا ہے ۔کمپنی کی انسپکشن کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ فیکٹری کے سیکشن تو9 ہیں لیکن فارما سسٹ موقع پر تین موجود تھے ۔ روزنامہ 92نیوز کے مطابق عید سے قبل کیراوے کمپنی کی پوری انسپکشن رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھیجی گئی ہے ۔ تاہم عید کی چھٹیاں ختم ہوئے بھی 7دن سے زائد ہو چکے ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے کیراوے کے چیف ایگزیکٹو عمر فاروق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فیکٹریز میں کمی بیشیاں ہوتی ہیں، ملٹی نیشنل کمپنیز کی فیکٹریاں بھی اس سے مبرا نہیں ہیں۔ ڈرگ انسپکٹر نے یہاں انسپکشن کی تھی اور بعض شارٹ کمنگز (کوتاہیوں) کی نشاندہی کی ہے ہم اس کو دور کر رہے ہیں، ہماری پراڈکٹس معیاری ہیں کبھی کوئی شکایت نہیں آئی۔ ڈرگ انسپکٹر احسن افضال نے 92نیوز کو بتایا کہ میں نے رپورٹ تیار کر کے دفتر میں جمع کرا دی ہے ۔