لاہور(کامرس رپورٹر) فارن سروسز اکیڈمی کے انیس رکنی وفد نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا ، اس دوران وفد اراکین نے لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے ملاقات کی اور تجارتی و معاشی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی سربراہی فارن سروسز اکیڈمی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام فائزہ مقصود کررہی تھی جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی آصف سحر ، فیاض حیدر ،عظمیٰ شاہد اور سابق ای سی ممبر رحمت اﷲ جاوید بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ مس فائزہ مقصود نے کہا کہ جونیئر ڈپلومیٹ پروگرام کا مقصد غیر ملکی ڈپلومیٹس کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور پاکستان کی مثبت تصویر دنیا کو پیش کرنا ہے ۔نائب صدر لاہور چیمبر میاں زاہد جاوید احمد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے جنت ہے ۔ کیونکہ یہاں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔