واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے، این این آئی)صدارتی الیکشن میں شکست ماننے سے انکار کر نے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اگر صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو باضابطہ طور پر امریکہ کا اگلا صدر قراد دے دیا جاتا ہے تو میں وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا،مدت پوری ہونے پر وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے سوال پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ اگر الیکٹورل کالج ووٹوں میں شکست ہوتی ہے تو میں وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا، آپ کو بھی یہ معلوم ہے ،اگر وہ جوبائیڈن کو منتخب کرتے ہیں تو وہ غلطی کریں گے ،امریکی صدر نے یہ اشارہ دیا کہ شاید وہ کبھی شکست تسلیم نہ کریں۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے شکست تسلیم کرنا اتنہائی مشکل ہو گا کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ بہت بڑا فراڈ کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ بات سو فیصد درست ہے کہ الیکشن نتائج میں فراڈ کیا گیا ،فراڈ کرنے والوں نے تیسری دنیا کی نقل کی ہے جس طرح وہاں فراڈ کے ذریعے نتائج تبدیل کر کے اقتدار حاصل کیا جاتا ہے بالکل اسی طرح امریکہ میں بھی فراڈ کے ذریعے نتائج بدلے گے ، امریکی تاریخ میں یہ قدام سیاہ حروف سے لکھا جائے گا ،ڈیموکریٹک اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کے نتائج حاصل کر کے عوام کو دھوکہ دے دینگے ایسا نہیں ہونے والا، لوگ سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اور وہ اس دھاندلی شدہ نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں، سب کو پتہ ہے کہ میں الیکشن جیت چکا ہوں ،میری جیت کو شکست میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی اس اقدام کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔