لاہور(نمائندہ خصوصی سے )محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ سے فحاشی اورعریانی کی روک تھام کے لئے ضلعی حکام کو از سر نو احکامات جاری کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنر ز کو جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ لاہو کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر کے تھیٹرز کی مانیٹرنگ کو سخت بنایا جائے ۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ایس او پیز پر سو فی صد عمل درآمد کروایا جائے ۔فحش جملے ادا کرنے والوں، غیر اخلاقی گانوں پر ڈانس کرنے والے فنکاروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ فحاشی اور عریانی کا سبب بننے والے ڈراموں کو نہ چلنے دیا جائے ، ان کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ اضلاع کی سطح پر قائم متعلقہ ذمہ دار اس ضمن میں فعال کردار ادا کریں۔