لاہور( کلچرل رپورٹر) پاپ سنگر، میزبان، اداکار فخر عالم نے بھارت کے پاکستان مخالف پراپیگنڈے پر مزاحیہ تبصرہ پیش کیا ہے ، فخر عالم نے بھارت کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالات بہت کشیدہ ہیں۔خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیئے ، بھارت نے ایسی خبر چلائی کہ سوشل میڈیا پر اس کا مذاق بن گیا ۔بھارتی میڈیا اپنی اس احمقانہ خواہش کو خبر بنا کر چلاتا رہا کہ کراچی میں دو فریقین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، اس جھوٹ پر دنیا بھر میں کل اور آج دن بھر بھارتی میڈیا کا مذاق اڑایا جاتا رہا اور اسے دنیا کا جھوٹا ترین میڈیا قرار دیا گیا۔فخر عالم نے اس پراپیگنڈے پر بھارت کی مزاحیہ انداز میں تصدیق کی جسے پڑھ کر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ہنسنے پر مجبور ہوگئے ۔انہوں نے لکھا کہ یہاں پاکستان میں حالات بہت سنگین ہیں، دو فریقین کی لڑائی نے شدت اختیار کرلی ۔فخر عالم نے لکھا کہ 'ایسی صورتحال میں میرا فوڈ ڈیلیوری بوائے اپنے ساتھ اسلحہ رکھے ہوئے مشکلات کو سر کرتا ہوا میری بریانی اور نہاری بحفاظت پہنچا کر گیا ہے ۔انہوں نے کہا یہاں چیزوں نے شدت اختیار کرلی اور زیادہ سے زیادہ گائے کی قربانی کی جارہی ہے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے ہیش ٹیگ انڈیا میڈیا کا بھی قہقہوں بھری ایموجی کے ساتھ اضافہ کیا۔