اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے برآمدات کے فروغ کیلئے سوتی دھاگے پر30 جون2021 تک 5 فیصد درآمدی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنیکی منظوری دیدی ۔ای سی سی نے لاجسٹک کمیٹی کوہدایت کی کہ چینی اورگندم لانے والے جہازوں کی برتھنگ کو ترجیح دی جائے ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا۔اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے سوتی دھاگے پر 5 فیصد درآمدی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویزپیش کی گئی،تفصیلی بحث کے بعد ای سی سی نے ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی۔اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے ای سی سی کے 19 اکتوبرکے اجلاس میں برآمدی شعبہ کیلئے رعایتی بجلی ، آرایل این جی اورگیس کیلئے رجسٹریشن کے حوالے سے فیصلہ پردوبارہ غورکیلئے سمری پیش کی گئی۔گفت وشنیدکے بعدڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے معاملہ پرسٹیٹس کوبرقراررکھنے کی ہدایت کی تاہم ہدایت کی کہ ایف بی آر وزارت تجارت سے رابطہ کاری کے ذریعہ جون تک5برآمدی شعبوں میں نئے مینوفیکچررز و برآمدکنندگان کو رجسٹرکریگا۔اجلاس میں مواصلات ڈویژن کی جانب سے مالی سہولت کیلئے نیشنل ہائی ویزاتھارٹی کے قرضوں کو گرانٹ یا چھوٹ دینے کی درخواست کی گئی۔ای سی سی نے این ایچ اے کے ریونیومیں اضافہ کیلئے روڈ میپ کی تیاری کے ضمن میں وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کی قیادت میں ذیلی کمیٹی قائم کردی ۔اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے پاکستان سٹیل ملزکو سوئی سدرن کی جانب سے گیس کی فراہمی کی مدمیں ادائیگی کی سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی شکل میں اس کی منظوری دی۔ سوئی سدرن کو بیناری ایکس ون سے 9.5 ایم ایم سی ایف ڈی اور ہدف ایکس ون سے 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزارت ہائوسنگ کی درخواست پرای سی سی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت اورججوں کی رہائشگاہوں کی مرمت کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔