اسلام آباد (خبر نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم چینی بحران کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔گزشتہ روزسماجی رابطہ کی ویب سائٹ پرٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ وعدے کے مطابق گندم اور چینی کی قیمتوں میں اچانک اضافے کی تحقیقاتی رپورٹ بغیر ردوبدل سامنے لے آئے ہیں، ایسی رپورٹ پبلک کرنے کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ میں کسی بھی کارروائی سے پہلے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن سے مفصل فرانزک رپورٹ کا انتظار کر رہا ہوں جو 25 اپریل کو آئیگی۔ جس کے بعد گندم چینی بحران کے ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی ہوگی۔ فرانزک آڈٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد کوئی بھی طاقتور گروہ (لابی) عوامی مفادات کا خون کرکے منافع سمیٹنے کے قابل نہیں رہیگا۔کوئی بھی طاقتور لابی عوام کے پیسے پر ناجائز منافع خوری نہیں کر سکے گی۔سابق حکومتوں اور ماضی کی سیاسی قیادت میں اپنے مفاد اور مصلحتوں کے باعث ایسی رپورٹس جاری کرنے کی اخلاقی جرأت نہیں تھی۔