پیرس(اے ایف پی،نیٹ نیوز)فرانس میں چاقو بردار سوڈانی شہری نے شہریوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور7زخمی ہوگئے ۔ جنوبی فرانس میں بیکری کے باہر مشتعل شخص نے تیزدھار آلے سے شہریوں پر حملہ کردیا ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا گیا، 33 سالہ حملہ آور سوڈانی شہری ہے ۔ گرفتار شخص سے مزید تفتیش جاری ہے جلد واقعہ کی حقیقت سامنے آئے گی۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا کہ جب کوروناوائرس کے پیش نظر پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے تاہم ضروری اشیاء کی خریداری اور میڈیکل سٹورز سے ادویات کا حصول جاری ہے ۔ فرانس میں کسی بھی شہری کو بلاوجہ گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہے ۔ البتہ انتہائی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے اجازت لینا لازمی ہے ۔پولیس نے واقعہ سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا اور مرنے والوں کے لواحقین سے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔