اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکغوں اور اردن کے باد شاہ عبد اللہ کو ٹیلی فون کیا ہے جس میں انہیں بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف وزریوں اور کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکغوں نے کہا ان کا ملک مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے ۔ عمران خان نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے ، دنیا اس طرز عمل کا نوٹس لے ۔ فرانس کے صدر نے مسئلے کے پرامن حل پر زور دیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا خطے میں بھارتی جارحیت سے امن کو خطرہ پیدا ہوچکا ہے ۔ اردن کے شاہ عبد اللہ نے کہا ہم مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں ،اس حوالے سے ہمسایہ ممالک سے بھی مشاورت کریں گے ۔ انہوں نے کہا مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل ضروری ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کاروباری مواقع بڑھانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فرسودہ اور غیر ضروری قوانین اور قوعد و ضوبط ختم کرنے اور اداروں،محکموں اور وزارتوں کو سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانیوں سے متعلق منصوبے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، معلومات کی آن لائن دستیابی کاروباری معاملات کو مزید آسان بنائے گی ، کاروبار میں آسانی کے لئے مسائل کا ڈیجیٹل حل تلاش کیا جائے ۔اجلاس میں سٹارٹ اپ کمپنیوں کی سہولت کے لئے فرسودہ قوانین ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں روزمرہ اشیاکی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی اوراس ضمن میں ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور ایسا مربوط نظام وضع کیا جائے جس کی بدولت غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ آئے ،حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کے حوالے سے ایک مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زورد یا تاکہ کاشت کاروں کا استحصال نہ ہوسکے ۔وزیراعظم نے کہا غریب آدمی کو روٹی کی دستیابی یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذ مہ داری ہے اور اس ضمن میں ریاست کی جانب سے کوئی کسر روا نہیں رکھی جائے گی، احساس پروگرام کے تحت مستحقین کو راشن کی فراہمی کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے ملاقات کی اور مالیاتی معاملات سے متعلق بریفنگ دی۔وزیر اعظم عمران خان سے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی ملے ۔