کراچی(این این آئی)سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے فریال تالپور کی نااہلی کے لئے عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ اور صوبائی حکومت دوغلی پالیسیوں پر چل رہے ہیں،نیب کیسز میں نام آنے کے بعد وزیر اعلی سندھ بہت ڈرے ہوئے ہیں۔گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے ایک بار پھر سندھ حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی پر وزیراعلیٰ سندھ کو عدالت لے جائیں گے اس کے علاوہ فریال تالپور کے خلاف بھی عدالت جارہے ہیں ۔ تاریخ میں کوئی اسمبلی ایسی نہیں جسے سب جیل مقرر کیا گیا ہے ،سپیکر نے اسمبلی کی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا ۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں سیکرٹری اسمبلی کے عہدے باپ سے بیٹے کو منتقل ہوئے ہیں ، آڈٹ رپورٹ میں1142بلین کی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں،مگر پندرہ سال میں 8فیصد رپورٹ بھی نہیں دی گئی ہے ۔