پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاورہائیکورٹ نے افغان خاتون کے پاکستانی شناختی کارڈکے حصول کیلئے دائردرخواست پروزارت داخلہ کوخاتون کاریکارڈچیک اورکیس کوقانون کے مطابق دیکھنے کی ہدایت کردی ہے ۔قائم مقام چیف جسٹس قیصر رشید اور جسٹس ناصر محفوظ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر افغان خاتون کے وکیل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ میری موکلاء 1981 میں پاکستان آئی، ان کے بچوں کے شناختی کارڈ بننے ہوئے ہیں لیکن خاتون کو شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جارہاہے ،اسے بھی پاکستانی شہریت دی جائے ۔ جس پر قائم مقام چیف جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دئیے کہ پاکستانی شہریت برائے فروخت نہیں ہے جو ہر کسی کو دی جائے ۔ نادرا نے پہلے بہت غلط طریقے سے لوگوں کو شناختی کارڈ جاری کئے ہیں،شہریت اور شناختی کارڈ جاری کرنے کے لئے ایک طریقہ کار ہوتاہے جس پرعملدرآمدناگزیرہے ۔عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت پر وزارت داخلہ کو خاتون کا ریکارڈ چیک کرنے اور کیس کو قانون کے مطابق دیکھنے کی ہدایت کردی۔