مکرمی! امریکا نے افغانستان سے مکمل انخلاء کی ممکنہ ڈیڈ لائن بتاتے ہوئے کہا ہے کہ 2021ء کے پہلے تین ماہ میں امریکی فوج افغانستان چھوڑ سکتی ہے۔ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان اور امریکا کی کوششوں سے بین الافغان مذاکرات جاری ہیں۔ ان مذاکرات میں تمام ممالک کے شرکا نے افغانستان میں امن کے لیے اپنی تجاویز دی ہیں۔ افغان طالبان گزشتہ کئی عرصے کے دوران مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ افغانستان میں امن کے لیے غیر ملکی افواج افغانستان چھوڑ جائیں۔ اسی حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے افغانستان میں انخلاء کی ممکنہ ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2021ء کے پہلے تین ماہ میں امریکی افواج افغانستان چھوڑ سکتی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے مکمل انخلاء کے لیے امریکا کی تین شرائط سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی شرط یہ ہے کہ طالبان القاعدہ سے تعلق توڑ دیں گے۔ دوسری شرط بین الافغان مذاکرات میں سنجیدگی دکھانا ہوگی۔ تیسری شرط طالبان کسی بیرونی طاقت کو افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے نہیں دیں گے۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ تینوں شرائط پر من و عن عمل کیا گیا تو امریکی افواج افغانستان سے مکمل نکل جائیں گی۔طالبان نے بھی ان شرائط پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جو کہ خطے میں قیام امن کیلئے بہت نیک شگون ہے۔ (شہزاد احمد، ملتان)