فیصل آبا د (وقائع نگار خصوصی ) ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل قومی کرکٹر آصف علی کی ڈیڑھ سالہ بیٹی نور فاطمہ کو گزشتہ روز سمن آبا د فیصل آبا د میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ کینسر کے مرض میں مبتلا ننھی نور فاطمہ20مئی کو امریکہ میں دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملی تھیں ۔جس پر کرکٹر آصف علی انگلینڈ سے امریکہ چلے گئے اور گزشتہ صبح 7بجے اپنی بیٹی کی میت لیکر فیصل آبا د پہنچے ،جس کے بعد بڑا قبرستان سمن آبا د میں نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کر دی گئی، نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ننھی نور فاطمہ کو کینسر کامرض اس وقت تشخیص ہوا جب آصف علی پی ایس ایل کھیلنے میں مصروف تھے ۔ڈاکٹروں نے ننھی نور فاطمہ کا علاج امریکہ میں کرانے کا مشورہ دیا تھا جس پر پی ایس ایل میں اسلام آبا د یونائیٹڈ کی ٹیم نے ملنے والی تما م انعامی رقم آصف علی کی بیٹی کے علاج کیلئے دے دی تھی تاہم وہ دو ماہ زیر علاج رہنے کے باوجود جانبر نہ ہو سکیں ۔آصف علی تدفین کے بعد آج دوبارہ انگلینڈ روانہ ہوں گے ۔جہاں وہ قومی ٹیم کو جوائن کر یں گے تاہم افغانستان کیخلا ف آج ہونیوالے پریکٹس میچ میں شریک نہیں ہو سکیں گے ۔