اوکاڑہ ، فیصل آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر، خصوصی رپورٹر )کورونا وائرس سے جاں بحق شخض کی تدفین کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ شخص اکبر نواحی گاوں 25 جی ڈی کا رہائشی تھا۔اکبر کینسر کا بھی مریض تھا۔ اکبر کو دس روز قبل لاہور ہسپتال لے جایا گیا، ڈپٹی کمشنر عثمان علی کے حکم پر میونسپل کارپوریشن آفیسر فدا میر کی زیر نگرانی تدفین کی گئی، تدفین کے عمل میں محکمہ ہیلتھ کے افسران اور بلدیہ اہلکاران بھی شامل ہوئے ۔متاثرہ شخص اکبر کی نماز جنازہ میں اس کے بیٹے ، دو بھائیوں سمیت پانچ افراد شریک ہوئے ، تدفین کے حوالے سے پنجاب حکومت کی ہدایات کو مکمل فالو کیا گیا ، قبر کی کھدائی میں ریونیو کا عملہ اور تدفین سمیت دیگر کام میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مکمل کئے گئے اورمیت کے قریب جانے اور اسے ہاتھ لگانے کی کسی فرد کو اجازت نہیں دی گئی۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا اکبر شوگر کے علا ج کیلئے میو ہسپتال میں زیر علاج تھا، ہسپتال میں ہی کورونا کا شکار ہوگا، کورونا کا مثبت کیس لاہور میں ہی رپورٹ ہوا، اکبر کے اہل خانہ 7 افراد کو قرنطینہ کردیا گیا۔ فیصل آباد میں کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونیوالے ذیشان کے اہل خانہ کو گھر میں ہی قرنطینہ کرتے ہوئے پولیس تعینات کردی گئی، پولیس کی طرف سے گاؤں میں با قاعدہ طور پر بینرز ،پوسٹرز آ ویزاں کر دیئے گئے ہیں اور ان کو کسی کے ساتھ ملاقات سے بھی روکدیا گیا،ذیشان کی تدفین جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق کر دی گئی ہے ۔