لاہور(خصوصی نمائندہ ) صوبہ پنجاب میں فصلوں کی باقیات، پولی تھین بیگ،ٹائر اور ربڑ جلانے پر پابندی عائد کردی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے فصلوں کی باقیات جلانے سے آنے والی راکھ کی مانیٹرنگ کیلئے بی آر بی نہر کے پار خصوصی ایئر اسٹیشن بھی قائم کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ غلط ایندھن استعمال کرنے والے اینٹوں کے 53بھٹے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ پرانے ڈیزائن پر بننے والے نئے بھٹوں کی تعمیر بھی روک دی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ائیر مانیٹرنگ کے لیے خصوصی موبائل لیب کل سے فنکشنل ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کو بہترین بجٹ پیش کرنے پرمبارکباددی۔دریں اثنا غربت کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ غریب اور نادار افراد کی حلال رزق سے امداد کرنا دین اسلام کا اولین درس ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھلوال کے قریب ٹریفک حادثے میں طالبات اور ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے کے حوالے سے صوبے سے متعلق 15 نکات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 2018-19 کے بجٹ کی منظوری،پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا،اپنی اورکابینہ کی جانب سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔