لاہور(خصوصی نمائندہ،صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اے پی سی کو بھی مذاق اور اپنی چھیڑ بنا لیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن کی حکومت مخالف پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ مولانافضل الرحمٰن پاکستان کی سیاست کو اپنی بدبو سے تعفن زدہ کرنیوالا ٹوٹا ہوا انڈا ہیں۔فضل الرحمٰن نے ہمیشہ اصول کے نام پر وصول کی سیاست کی اور 73 کے آئین کے تناظر میں کرپشن کے 74 رنگ اور ڈھنگ نکالنے میں ماہر ہیں۔ میرا مشورہ ہے کہ مولانا مصلیٰ بچھا کر اگلے تین سال اپنے سیاسی و مالی گناہوں پر توبہ استغفار کریں۔ ہر اے پی سی کے بعد شکست و ریخت، رسوائی اور جگ ہنسائی ہی فضل الرحمٰن کے کھاتے میں آتی ہے ۔ 2018 کے الیکشن کی ہار کے باعث کوویڈ19 -بھی مولانا کو کوویڈ 18- محسوس ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔