کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرہوابازی غلام سرورخان نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے باعث فضائی حدود کی بندش سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کوساڑھے 8ارب روپے نقصان ہوا جبکہ بھارت کا خسارہ اس سے دوگنا ہے تاہم اس اہم موڑپردونوں طرف کشیدگی میں کمی کے اقدامات کی ضرورت ہے ،سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرزمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ سی اے اے کی تنظیم نو کی تجویزکی وجہ تکنیکی ہے جس سے ادارے میں نئی تیزی آئیگی تاہم کسی قسم کی ڈاؤن سائزنگ یارائٹ سائزنگ نہیں ہوگی،انہوں نے مزید کہا کہ نئی فیئرسکائی پالیسی مقامی ائیرآپریٹرزکونمو کے یکساں مواقع فراہم کرتی ہے ،مختلف ممالک کیساتھ فضائی خدمات کے معاہدوں کا ازسرنوجائزہ لیاجائیگا، بہت سی غیرملکی ائیرلائنزبھی اپنے آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ سی اے اے ،پی آئی اے یا اے ایس ایف دفاتر اسلام آباد منتقل کئے جارہے نہ پاکستان کا کوئی ائیرپورٹ قطرکے حوالے کیا جارہا ہے ،قبل ازیں غلام سرورخان نے پی آئی اے ہیڈآفس کا بھی دورہ کیا،اس موقع پرسی ای او ائیرمارشل ارشد ملک نے بریفنگ دی اوراصلاحات سے آگاہ کیا،وفاقی وزیرنے قومی ائیرلائن کی کارکردگی پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی بحالی کیلئے سنجیدہ ہے ۔