پشاور ( 92نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ہے اور ملک کی موجودہ بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آئی ایم ایف اور دیگر قومی مسائل پر بھی بات چیت کی گئی،اس موقع پر تمام سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیاگیا ، ایمل ولی کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آگئے ہیں جبکہ آئی ایم ایف سے انہی کے منشاء کے مطابق قرض لیکر ملک کو انہی کے ہاتھوں گروی رکھا گیا جو کسی صورت بھی ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، دونوں رہنماؤں کے درمیان آنے والے قبائلی اضلاع کے انتخابات،صوبہ خیبر پختونخوا کی نااہل حکومت،صوبے میں جاری ڈاکٹروں کے احتجاج اور دیگر اہم ملکی معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ،دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان طے پایا کہ حکومت مخالف کسی بھی تحریک کے حوالے سے دونوں پارٹیاں باہمی رابطے جاری رکھیں گی۔