لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی صورت سے نظر آرہا ہے کہ اگر کوئی ایک اور الیکشن ہوجائے تو جو ہمیں ملا ہے وہ بھی نہیں ملے گا،مولانا کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان اب بغیر ڈیزل کے چل سکتا ہے ،یہ ان کیلئے پیغام ہے ، اگر وہ ایک طرف بیٹھ جائیں تو یہ ان کیلئے بہتر ہوگا۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کی سندھ میں پہلے اتنی سیٹیں نہیں تھیں جتنی 2018میں ہیں، پھر بھی وہ کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی،جس کے پاس اکثریت ہے وہی پنجاب میں حکومت بنائے گا،پیپلز پارٹی کبھی بھی ن لیگ کے ساتھ نہیں جائے گی، ان پر خود بڑے کیسز ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ لوگوں نے تبدیلی کے پیغام کو سنا، یہ بڑی خوش آئند بات ہے ، الیکشن کمیشن نے 30تاریخ تک روک رکھا ہے ، اس کے بعد ن لیگ کی لیڈر شپ کے بڑے بڑے سکینڈل سامنے آئینگے ،ہم نیب کو مزید آزاد اور خودمختار بنائینگے ،پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے جوڑ تو ڑ جاری ہے ،پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں کرینگے ۔تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاجمہوریت میں ہر لیڈر کو حق ہے کہ وہ جو کرنا چاہتا ہے یا کہنا چاہتا ہے ، وہ کہے ،جو اے پی سی ہوئی ہے اس کی کوئی اہمیت نہیں،ہماری سیاست ہی ایسے ہے جو کوئی ہار جاتا ہے وہ ہار مانتا ہی نہیں ،مرکزمیں تحریک انصاف کی حکومت بن رہی ہے تو پنجاب میں بھی ان کی حکومت بننی چاہئے ۔