فیصل آباد (92 نیوز رپورٹ) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے انکشاف کیاہے کہ فضل الرحمان بھی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات کرچکے ، اب ہر ہفتے لاہور ایک لیڈرکوبے نقاب کروں گا، بلاول بھٹوکہتے ہیں شیخ رشیدکسی میٹنگ میں ہوں گے تونہیں آؤں گا،بلاول! تم پیدابھی نہیں ہوئے تھے ، جب میں قومی سلامتی کی کمیٹیوں کا ممبر تھا،اپوزیشن استعفے دے ، ہم آج ہی الیکشن کرائیں گے ،پیپلزپارٹی استعفے نہیں دے گی ، استعفیٰ دیا تو سندھ سے حکومت بھی جائے گی، اپوزیشن استعفیٰ دے گی نہ دھرنا اور نہ ہی تحریک عدم اعتماد لائے گی۔فیصل آبادمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشیدنے کہا فضل الرحمان ملک میں فرقہ واریت پھیلاناچاہتے ہیں،انہیں منہ کی کھاناپڑے گی،یہ لوگ استعفے دیتے توجنرل الیکشن ہوسکتے تھے ، یہ لوگ نہیں چاہتے عمران خان سینیٹ میں اکثریت لے ۔انہوں نے کہا بلاول! آپ کوجواب دے سکتاہوں لیکن اخلاق کے دائرہ سے باہرنہیں جاناچاہتا،بلاول سے پوچھیں میں نے اس کا کیا بگاڑا؟ بلاول سے پیار کرتا ہوں، وہ میرا پیارا ہے ،آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقاتیں اعزازکی بات ہے ، مولانافضل الرحمان اوربلاول بھٹوسے لے کرسب ملاقاتیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ عمران خان کے نہیں، فوج کے مخالف ہیں،نواز شریف نے اپنی سیاست کی قبر خودکھودی ، نوازشریف ان کوآنکھیں دکھارہے ہیں جن کی گودمیں بیٹھ کروزیربنے ،کسی نے بھی محمدزبیرکواسلام آبادآکرملنے کانہیں کہاتھا،محمد زبیر کی 36سال سے جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات نہیں ہوئی،جنوری میں ن سے ش نکلے گی، نکلے گی، ہرصورت نکلے گی۔این این آئی کے مطابق شیخ رشید نے کہا تمام لیڈر 16 ستمبر کی رات آرمی چیف سے ملے ، اگر اس دن استعفے دے دیتے تو تبدیلی آسکتی تھی۔