لاہور ،رائیونڈ(نیوز رپورٹر ،صباح نیوز،نامہ نگار ) لاہور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، مذاکرات کے دروازے بند ہوتے ہیں تو حادثات ہوتے ہیں، ہماری طرف سے دروازے کھلے ہیں، مولاناپہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں، مولانا بتائیں کہ حکومت نے کہاں غلطی کی ہے ، پہلے 24 گھنٹے جہاں کشمیر کی بات ہورہی تھی اب مولانا کی بات ہورہی ہے ، ان سے کہوں گا یہ وقت احتجاج کا نہیں ۔ انہوں نے رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے سیاستدان کبھی انکارنہیں کرتا ، 27اکتوبر کشمیر کا دن ہے اور سارا بھارتی میڈیا ڈکٹیٹر مودی کے بجائے فضل الرحمان پر پھنسا ہوا ہے ، عمران خان پوری کوشش کر رہا ہے اور پی ٹی آئی چھ مہینے کہتی ہے لیکن میں کہتا ہوں 2020ترقی کا سال ہوگا،ہم نے پانچ سات ہزار نوکریاں کابینہ کے قرعہ اندازی کے فیصلہ کے بعد دی ہیں تاہم عدالت نے جو حکم امتناع دیا ہے وہ ختم ہو گا، جن لوگوں کو نوکریاں دی گئی ہیں ان کی فہرست شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں جمع کرائی جائے گی۔ پاکستان دنیاکا واحد ملک ہے جہاں پسنجر ٹرین نفع میں چل رہی ہے اور اب فریٹ سیکٹر بھی نفع میں آگیاہے یہ میرا پانچ سال کا ٹارگٹ تھا جو میں نے ایک سال میں پورا کرلیاہے ، انہوں نے کہا کہ میں اور 10ہزار نوکریاں نکالنے لگا ہوں ، فواد چودھری سے متعلق کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا، رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں خود بھی آئوں گا ،اجتماع کے ایام میں چار سپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ ہر ٹرین کا یہاں دومنٹ کا سٹاپ ہوگا ۔وفاقی وزیر نے جمعہ کی نماز تبلیغی مرکزمیں مولانا معاذ کی امامت میں ادا کی اور اجتماعی کھانا بھی کھایا اور مشورہ میں شریک ہوئے ۔