لاہور،اسلام آباد (جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار خصوصی) حکومت نے گریڈ 21 کے افسرکیپٹن (ر) فضیل اصغر کو چیف سیکرٹری بلوچستان تعینات کردیا ہے ۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹڈویژن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ کیپٹن (ر) فضیل اصغر اس سے قبل او ایس ڈی تھے ۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے ڈاکٹر ہارون جہانگیر کو مستقل بنیاد پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب تعینات کر دیا ہے ۔ڈاکٹر سہیل چودھری ایم ایس واہ کینٹ جنرل ہسپتال ٹیکسلا کو تبدیل کر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی تعینات کر دیا ہے اور ڈاکٹر راشد خان کو سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کو رپورٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے ۔ڈاکٹر نوید اختر ڈی ایچ او پریوینٹو سروسز کو ڈی ایچ اور راولپنڈی اور ڈاکٹر طاہر رضوی ڈی ایچ او ایچ آر ایم کو ڈی ایچ او پریوینٹو سروسز تعینات کر دیا ۔علاوہ ازیں منیجر اوقاف سیالکوٹ کو معطل کر کے ایڈمنسٹریٹر گوجرانوالہ کو اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ اوقاف کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق منیجر اوقاف سیالکوٹ غلام مصطفیٰ کو مس کنڈکٹ، نا اہلی اور فرائض میں غفلت کی بنا پرمعطل کر کے ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کا پابند بنا دیا گیا ہے جبکہ ایڈمنسٹریٹر گوجرانوالہ کو ریگولر منیجر کی تعیناتی تک سیالکوٹ کے معاملات کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔