نیویارک ،کابل (آن لائن،نیٹ نیوز)افغان طالبان کی امریکہ کے ساتھ ڈیل کے باوجود طالبان اور دہشت گرد تنظیم القاعدہ بالخصوص حقانی نیٹ ورک کے مابین رابطے برقرار ہیں۔رپورٹ کے مطابق طالبان کی امریکہ سے معاہدے کی پاسداری کی نیت نہیں،منشیات کی تجارت اور جنگجوؤں کو تلقین کر رہے ہیں پر اعتماد رہو، ہم اقتدار طاقت سے حاصل کر سکتے ہیں،اقوام متحدہ رکن ممالک نے امریکہ طالبان امن معاہدے پر نئے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے دوسری جانب قندوزکے ضلع خان آباد میں سڑک کنارے دھماکے میں 7مزدور ہلاک اور 6زخمی ہو گئے ،سری پل میں بھی سڑک کنارے بم دھماکے سے 3شہری مارے گئے جبکہ 3 خواتین سمیت 4زخمی ہو گئے ۔ کابل کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون میں واقع ایک مسجد میں نماز مغرب کے وقت خودکش بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک معروف اسلامی سکالرایاز نیازی سمیت 2جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’حملہ آور بمبار نے مسجد وزیر اکبر خان کے ایک طہارت خانے میں خود کو دھماکے سے اڑایا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر جانبدار مبصرین کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے افغان طالبان کی امریکہ کیساتھ ڈیل کے باوجود طالبان اور دہشتگرد تنظیم القاعدہ بالخصوص حقانی نیٹ ورک کے مابین رابطے برقرار ہیں، سلامتی کونسل میں پیش کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان نے امریکہ کیساتھ اپنے مذاکرات کے دوران القاعدہ کیساتھ باقاعدگی سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔