اسلام آباد(خبر نگار)چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید خان کھو سہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے تمام جج صاحبان نے شرکت کی ،اجلاس کے دوران چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں نئے تعینات ہو نے والے جج امین الدین خان کو خوش آمدید کہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ نئے جج کی تعیناتی سے ادارئے کو فائدہ ہو گا ۔فل کورٹ میٹنگ کے آغاز پر چیف جسٹس نے ساتھی ججز کو بتایا کہ آج کی میٹنگ کا مقصد انصاف کی فرا ہمی کے حوالے سے ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے اور دیکھنا ہے کہ زیر التوا مقدمات کو نمٹانے کی کیا شرح ہے اور اس حوالے سے دیگر مسائل اور امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس سال 27 اپریل سے 20نومبر کے درمیان7718کیسز کو نمٹایا گیا جبکہ اس دوران 9485نئے کیس دا ئر ہوئے اور اس وقت سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی کل تعداد 41105ہو گئی ہے ،میٹنگ میں یہ با ت نو ٹ کی گئی کی اہم نو عیت کے کیسز کی سماعت کیلئے لارجر بینچ بھی بنا ئے گئے جنہو ں نے اہم نو عیت کے کیسز کی سماعت کی لیکن اس کے باوجود سپریم کورٹ میں نمٹائے جا نیو الے کیسز کی تعداد حوصلہ افزا ہے ،فل کورٹ میٹنگ میں ججز نے مقدمات کو نمٹانے پراطمینان کا اظہار کیا اور نئی حکمت عملی کا بھی جا ئزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ رجسٹری برانچو ں میں بنچز کو تشکیل دیا جائے جہا ں پر زیر التوا مقدمات کی بڑی تعداد موجود ہے تو کہ وہا ں پر بھی لوگو ں کو جلد ریلیف دینے کیلئے جلد کیسز کی سماعت کی جائے ،اجلاس میں دیگر عدالتی ایشوز کو بھی زیر بحث لایا گیا ،میٹنگ کے آخر میں چیف جسٹس نے ساتھی ججز کا شکریہ ادا کیا ۔