فیصل آباد(شائستہ شیخ) فیصل آباد میں اڑنے کے بجائے سڑک پر دوڑنے والا ہیلی کاپٹر شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیاہے ۔شہری بڑے شوق سے اس سواری کی سیر کرتے ہیں۔ ڈی ٹائپ کالونی کے شہزاد محمود نے رکشے کو لوہے اور فائبر سے ہیلی کاپٹرکے روپ میں ڈھالا ہے ۔ جس پر اس کی 6 لاکھ روپے لاگت آئی، ہیلی کاپٹر کا نظارہ دیتی اس سواری کے شہری دیوانیہیں جس پر سفر کا خرچہ 4 روپے فی کلومیٹر سے بھی کم ہے ۔ رکشہ کے مالک شہزاد محمود کا کہنا ہے کہ یہ سواری نہ صرف لوگوں کی سیر کیلئے بک کی جاتی ہے بلکہ اب تو شادی کیلئے دولہا بھی بک کراتے ہیں ۔بارات میں یہ سواری سب کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہے ۔ مالک کا دعویٰ ہے کہ اس رکشے میں بیٹھنے والا ہیلی کاپٹر کے سفر کا گمان کرتا ہے فرق صرف یہ کہ یہ ’ہیلی کاپٹر‘ ہوا میں نہیں اڑتا بلکہ سڑکوں پر دوڑتا ہے ۔دوسری جانب شہری کہتے ہیں کہ اصلی ہیلی کاپٹر کی سیر شاید ممکن نہ ہو البتہ وہ اس میں سفر ضرور کر چکے ہیں۔