لاہور(کلچرل رپورٹر)شمعون عباسی کی فلم’’درج‘‘ 18 اکتوبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔ فلم کو پنجاب اور سندھ سنسر بورڈ نے کلیئر قرار دیتے ہوئے اسے نمائش کے لئے موزوں قرار دے دیا جبکہ سنٹرل بورڈ نے کوئی وجہ بتائے بغیر اس پر پابندی عائد کردی جس کے بعد شمعون عباسی نے بورڈ سے دریافت بھی کیا کہ اس کی وجہ بتائی جائے تاکہ اگر کوئی چیز قابل اعتراض ہے تو میں اسے فلم سے نکال دوں لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔شمعون عباسی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا پیغام سنٹرل بورڈ آف فلم سنسرز تک پہنچانے کی کوشش بھی کی لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا ۔انہوں نے سنٹرل بورڈ کے چیئرمین دانیال گیلانی کے نام ایک خط ارسال کیا جس میں انہوں نے کہا کہ فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور نئے پینل کے ساتھ فلم دوبارہ دیکھی جائے تاکہ اسے کلیئرنس مل سکے ۔ شمعون عباسی نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر فلم میکرز کو اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو پھر کون اس طرف آئے گا۔فلم پر صرف کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ہی نہیں ہوتی بلکہ میکر کو ایک طرح سے جان لڑانا پڑتی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’بعض قوتیں‘‘ نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس فلم کی نمائش کے خلاف ہیں جس میں نہ تو ملک اور نہ مذہب یا معاشرے کے خلاف کوئی بات ہے ۔