واشنگٹن( ویب ڈیسک) 45 سالہ تھریسا فیورر پالتو کتے اور بلیوں کے بالوں سے کپڑے اور دوسری چیزیں بناتی ہیں۔ اپنے پیارے جانوروں کی جدائی کا غم اٹھانے والے اکثر افراد تھریسا کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔ تھریسا زندہ یا مردہ جانور کے بالوں سے دھاگہ بنا کر ان سے کپڑے اور دوسری چیزیں جیسے ٹیڈی بیئر بناتی ہیں تاکہ ان سے غم زدہ مالکان کا غم کچھ کم ہوجائے ۔ وہ اب تک پالتو جانوروں کے بالوں سے ہیٹ، سکارف، بریسلٹ، تکیے اور مرنے والے پالتو جانوروں کے ہم شکل مجسمے تک بنا چکی ہیں۔ پٹسبرگ سے تعلق رکھنے والی تھریسا نے پالتو جانوروں کے بالوں سے دھاگہ اور دھاگے سے کپڑا اس وقت بنانا شروع کیا، جب اُن کے اپنے پالتو جانور اُن سے جدا ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلے ایک چرخہ خریدا اور کپاس سے دھاگہ بنانا شروع کیا۔ تھریسا صرف بھیڑوں کی اون سے کپڑے بننا نہیں چاہتی تھی۔ اس لیے انہوں نے پالتو کتے اور بلیوں کے بالوں سے دھاگا بنانا شروع کر دیا۔ تھریسا کا کہنا ہے کہ بلیوں کے بالوں سے کپڑے بنانا کافی مشکل ہوتا ہے ۔کئی سالوں سے کام کرنے کے وجہ سے اُن کی کئی مشکلات حل تو ہوئی ہیں لیکن وہ کبھی بھی پالتو بلی سے جدا ہونے والے مالکوں کے کام سے انکار نہیں کرتیں۔