لاہور(کلچرل رپورٹر)عید الفطر پر تھیٹرز کی بحالی نہ ہونے پر فنکاروں میں اداسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اداکار نسیم وکی کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیئے تھا کہ تھیٹرزکی بندش ختم کرکے اداکاروں کو اس عید پر روزگار کی بحالی کا تحفہ دیتی مگر افسوس ایسا کچھ نہیں کیا گیا۔اداکار عمران شوکی نے کہاکہ تھیٹرز اوپن نہ کرکے فنکاروں کی عید کی خوشیاں ماند کردی گئی ہیں۔فلمسٹار تابندہ علی نے کہاکہ جو سلوک اس حکومت میں فنکاروں کے ساتھ کیا جارہاہے کبھی کسی دور حکومت میں نہیں کیا گیا عید پر تھیٹرز نہ کھولنے کے فیصلہ سے لگتاہے کہ عید کے بعد بھی تھیٹرز نہیں کھولے جائینگے ۔فلمسٹارندا ملک کا کہنا تھا کہ جس طرح دوسرے کاروبار ایس او پیز کے ساتھ کھولے گئے ہیں اسی طرح تھیٹرز کو بھی کھولا جاتا تو وباء سے ڈری عوام اور فاقوں کے ہاتھوں شکار بننے والے فنکاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ جاتی مگر لگتا ہے اس حکومت نے فنکاروں کو بھوکا مارنے کی تیاری کرلی ہے ۔