لاہور (سپورٹس ڈیسک) فواد عالم کو 10 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان، ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز کو سری لنکا کیخلاف سیریز میں موقع دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔فاسٹ بولر عثمان شنواری کی بھی لاٹری نکل پڑی، امکان ہے کہ انہیں ٹیم کا حصہ بنایا جائے ۔ بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ آسٹریلیا میں بدترین کارکردگی، شائقین کی تنقید چیف سلیکٹر مصباح الحق پر اثر کرنے لگی۔ گیارہ دسمبر سے سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لئے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دیگر سلیکٹرز سے مشاورت مکمل کر لی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اوپننگ بلے باز امام الحق کو بری کارکردگی کی بنیاد پر ڈراپ کیا جاسکتا ہے ، انکی جگہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سمیع اسلم کی واپسی متوقع ہے ۔سلیکشن کمیٹی نے یاسر شاہ پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، مصباح الحق نے دیگر سلیکٹرز سے ڈومیسٹک پرفارمرز کو بھی طلب کر لیا ہے ۔