پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی بھی فوادچودھری کے خلاف میدان میں آگئے ،انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں دو عیدیں ہونے پر مجھے بھی دکھہوتاہے ، فواد چودھری کے قمری کیلنڈرکیلئے شریعت کا اصول نہیں چھوڑا جاسکتا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی پوپلزئی نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ختم نہیں کرنا چاہتا ، احادیث کی کتابوں میں 29 مقامات پر چاند دیکھ کر عید کرنے کا ذکر آیا ہے تو اب قمری کیلنڈر کے لئے شریعت کے اصولوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا،فواد چوہدری سوچ سمجھ کر الفاظ کا استعمال کیا کریں، بد زبانی سے ان کی اپنی ہی ذات پر فرق پڑتا ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ ملک میں دو عیدوں سے مجھے بھی دکھ ہوتا ہے ، ہمارے پاس شریعت کا اصول موجود ہے جس کے تحت اس بے اتفاقی کوختم کیا جاسکتا ہے ۔