اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی ہو کشمیر یا کرتارپور ،ہر جگہ فوج عمران خان کے ساتھ ہم آہنگ ہے ۔ایک ٹویٹ میں فیصل جاوید نے کہا کورونا وائرس، ٹڈی دل اور سیلاب سے نمٹنا ،کراچی پلان یا دیگر کوئی بھی ملک کی اہم حکمت عملی، ہر جگہ پر فوج عمران خان کے ساتھ ہم آہنگ ہے ، اس لئے وہ جانتے ہیں کہ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ، وہ کرپٹ نہیں، ان کے کوئی کاروباری مفادات نہیں کیونکہ عمران خان اس قوم کے ساتھ ملک کے ساتھ مخلص ہیں ،آج جو ہمارے اداروں کے خلاف ہیں، اس کے پیچھے ایک پوری مہم ہے جو ہر صورت ناکام ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کاشور کرنے والے بتائیں کونسا فورم آزمایا ،حلقے بتائیں ۔انہوں نے کہا عمران خان واحد لیڈر ہیں جو 22 سال کی جدوجہد کے بعد عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آئے ،باقی تمام لوگ اقتدار میں پہلے آئے اور بعد میں پارٹیاں بنائیں،ان کو ضیاء الحق اور جنرل جیلانی لائے ،یہ جنرل ایوب کی کابینہ میں رہ کر آئے ، ذرا سوچیں کیوں بھارت نے نواز شریف کی تقریر کو پسند کیا۔