کراچی (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف سے مستعفی ہونے والی فوزیہ قصوری نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔تحریک انصاف کی بانی رہنما فوزیہ قصوری نے گزشتہ روز تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور آج وہ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئی ہیں۔ پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال نے فوزیہ قصوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوزیہ قصوری کی پی ایس پی میں شمولیت سے پارٹی کے نظریے کو طاقت ملی ہے ، لوگ درست اور غلط کی تمیز کرکے ہمارے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔فوزیہ قصوری کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی اور پورے خلوص کے ساتھ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا اور گزشتہ روز پی ٹی آئی کو اپنے مقصد سے پھرنے کی وجہ سے چھوڑ دیا، آج سے میری فیملی پاک سرزمین ہے ۔ دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ قصوری نے کہاہے 2013 سے عمران خان سے کہہ رہی ہوں کہ ہم اپنے مقصد اورفلسفے سے ہٹ رہے ہیں۔یہ حکومت بنا بھی لیں تو اﷲ سے دعا ہے کہ عمران خان اپنے وعدے پورے کریں۔ تحریک انصاف کی بڑی بڑی باتیں تھیں آج وہ پارٹی نظر نہیں آرہی،فصلی بیٹروں کا مقصد اقتدار میں ہی رہنا ہے ،میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی۔ جن کا ہم نے احتساب کرنا تھا ان کو کیوں پارٹی میں لایا گیا،پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی گئی اور اسی پارلیمنٹ میں رہنے کی تنخواہیں لی گئیں،پارٹی میں الیکشن اور ٹکٹ دینے کے معاملے پر بھی بہت بات ہوئی۔