اسلام آباد (این این آئی)سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے ) نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ ایک روپیہ 36 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔ نیپرا کے مطابق سی پی پی اے نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ستمبر میں کْل 13 ارب 10 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو 12 ارب 72 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کی گئی۔ ستمبر میں بجلی پیداوارپر مجموعی لاگت 53 ارب 90 کروڑ روپے رہی،فیول لاگت کا تخمینہ 2 روپے 84 پیسے تھا لیکن فی یونٹ بجلی پیداوارپر فیول لاگت 4 روپے 20 پیسے رہی۔کوئلے سے 13ارب 75کروڑروپے ، فرنس آئل سے 9ارب 49کروڑروپے ، ڈیزل سے ایک 1ارب 34کروڑ،گیس سے 8 ارب 96 کروڑ روپے ، درآمدی ایل این جی سے 19 ارب 3 کروڑ روپے اور نیوکلیئر ذرائع سے 68 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بجلی بنائی گئی۔ درخواست پرسماعت 29اکتوبر کوہوگی۔