لاہور،فیصل آباد،پاکپتن( کلچرل رپورٹر، خصوصی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) معروف قوال شیر میاں داد فیصل آباد کے نزدیک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیٹے سمیت زخمی ہو گئے ۔ شیر میاں داد گٹ والا کے علاقے میں ایک دربار پر قوالی کے پروگرام میں شرکت کے بعد واپس پاک پتن جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے ۔گٹ والا کے قریب ہی ایک جگہ شیر میاں داد رفع حاجت کے لیے گاڑی سے اترے تو 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر قوالی میں اکٹھی ہونے والی رقم لوٹنے کی کوشش کی اور اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے شیر میاں داد سینے میں اور ان کا بیٹا ہاتھ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق واردات کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے جب کہ شدید زخمی شیر میاں داد اور ان کے بیٹے کو گاڑی کے ڈرائیور نے سول ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔دوسری طرف آ ئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہو ئے آ ر پی او سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ سی پی او نے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے ۔