لاہور، وہاڑی ، شاہکوٹ ( سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ 92 نیوز ) مصطفی ٹاؤن میں سکیورٹی گارڈ نے مذاق کرنے سے منع نہ ہونے پر نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے ۔گارڈ عزت بیگ نے معمولی تلخ کلامی پر 19 سالہ حمزہ کو گولی مار کر جاں بحق کردیا، پولیس کے مطابق مقتول مکھن پورہ کا رہائشی تھا ،فائرنگ کرنے والا عزت بیگ فائرنگ کرنے کے بعد دیپالپور فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا تاہم گرفتار کرلیا گیا، وہاڑی کے نواحی علاقہ مہر آباد میں جانور چھوڑنے پر ظالم زمیندار نے ساتھیوں کے ہمراہ مل کر غریب محنت کش چرواہے کو تشدد کرکے قتل کردیا، نواحی علاقہ تھانہ لڈن کی حدود مہرا آباد کے غریب محنت کش چرواہے عمر کے جانور غلطی سے مقامی زمیندار حنیف ڈھڈی کی فصل میں چلے گئے ، حنیف اور اسکے ساتھیوں نے ملکر چرواہے پر ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا ، لڈن پولیس نے کاروائی شروع کردی، کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ شاہ کوٹ میں تھانہ صدر پولیس کی حدود گاؤں کوٹ نظام دین میں پنچایت کے دوران فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا گیا، ملزمان فرار ہوگئے ، امتیاز اور سرفراز قریبی رشتہ دار وں کے درمیان موٹر سائیکل چوری کا تنازع چل رہا تھا، اتوار کو پنچایت بلائی گئی تھی، چک 11 کا رضوان دوستوں کے ساتھ صلح کرانے آیا، سرفراز کے گھر میں داخل ہوتے ہی سرفراز نے اس پر فائرنگ کردی، رضوان دم توڑ گیا اور 45 سالہ رمضان زخمی ہوگیا۔