کراچی(این این آئی)کورونا وائرس کے پیش نظر برائلر چکن کا بحران بھی سر اٹھانے لگا، فارمرز تذبذب کا شکار، 50 فیصد فارمز بند ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن ذرائع نے بتایاکہ یہی صورتحال رہی تو آئندہ ہفتے تک برائلر گوشت ناپید ہوجائے گا، برائلر چکن گوشت کی قیمت آئندہ چند روز تک 400 روپے فی کلو تک پہنچنے کا امکان ہے ،فارمرز کے مطابق چوزوں کی خوراک یعنی فیڈ نہیں مل پارہی جس کے باعث بیشتر فارمرز چوزوں کی پیداوار کو روکنے لگے ہیں، اگر چوزے شیڈ میں ڈال دیں اور فیڈ ملز فیڈ مہیا نہ کریں تو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا۔ اس لئے چوزوں کی پیداوار روکنا ہی درست فیصلہ ہوگا۔ ذرائع نے بتایاکہ50 فیصد فارمرز شیڈ بند کرچکے ہیں دیگر فارمرز بند کرنے کا سوچ رہے ہیں ، برائلر گوشت کی قلت آئندہ ہفتے تک پیدا ہوجائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ18سے 20 لاکھ ورکرز کام کرہے تھے ،جن کو تنخواہیں نہیں دی گئی ہیں 10 لاکھ افراد پہلے ہی بے روزگار ہیں۔