فیس بُک سوشل میڈیا کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے، جس کے دنیا بھر میں اربوں صارفین موجود ہیں۔ ہم سبھی نے ماضی میں انسٹاگرم اور واٹس ایپ کی فیس بُک کی ملکیت میں آجانے کی خبریں سنی رکھی ہیں ، تاہم نئی ملکیت میں آجانے کے باوجود مذکورہ دونوں ایپلی کیشنز کے ’لوگو‘ اور ’Theme‘ پہلے جیسے ہی ہیں۔ لیکن اب فیس بُک نے مذکورہ ایپلی کیشنز کی دوبارہ برانڈنگ کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر کام شروع کر رہا ہے۔ تاکہ فیس بُک کی ملکیت میں شامل دیگر ایپلی کیشن بھی اُس سے جڑی نظر آئیں۔ واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو’ری برانڈ‘ کرنے کا مقصد صارفین کو یہ باور کروانا ہے کہ اِن ایپس کا تعلق سب سے بڑے سوشل نیٹ ورک سے ہیں۔ اِس حوالے سے فیس بک کی ترجمان برٹی تھامسن نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اُن کی ایپلی کیشنز کے نئے نام ’’انسٹاگرام فروم فیس بُک‘‘ اور ’’وٹس ایپ فروم فیس بُک‘ ہو گا۔ یہ نئی برانڈنگ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی لاگ ان اسکرینوں پر اور ایپ اسٹور میں ان ایپس کے بارے میں دی گئی وضاحت میں ظاہر ہو گی۔ 

فیس بک کے مطابق اس برانڈنگ کا بنیادی مقصد لوگوں کو ایسی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کرنا ہے جو فیس بک کے پاس ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران، فیس بک پرائیوسی اور سیکیورٹی کے مختلف امور کو نپٹا رہا ہے۔ الگ الگ ناموں کی وجہ سے واٹس ایپ اور انسٹاگرام اس اسکینڈل کا حصہ نہیں تھے اور وہ ان پر فیس بک کے الزام کے بغیر آزادانہ طور پر کام کرنے میں کامیاب تھے لیکن نئی برینڈنگ کے بعد اِس بات کا خدشہ ہے کہ مستقبل میں ایک ایپلی کیشن کا سکینڈل دیگر کو بھی متاثر کرے۔