فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) تھانہ سمن آباد کے علاقے میں میاں بیوی نے تشدد کرکے 7سالہ گھریلو ملازمہ کو زخمی کردیا۔میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ میں ملازمہ پر تشدد کی تصدیق ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سمن آباد کے علاقہ نثار کالونی کے رہائشی محمد اویس کے گھر میں سات سالہ ماریہ گھریلو ملازمہ تھی۔جس پر اویس اور اسکی اہلیہ سونیا نے تشدد کیاجس کے باعث بچی کے بازوؤں، چہرے اور کانوں پر زخم کے نشانات موجود ہیں۔گھریلو ملازمہ ماریہ پولیس کو رات گئے سڑک پربھاگتی ہوئی ملی تھی، پولیس نے بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دے دیا، بچی کے ہاتھوں کی انگلیاں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم اویس اور بیوی سونیا فرار ہوچکے ہیں۔ بچی سے زیادتی کیے جانے کا بھی شبہ ہے ، فرانزک کے لیے نمونے لاہوربھجوا دیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق بچی کے میڈیکل کے بعد ایف آئی آر درج کرلی گئی ۔ماریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گھرکا مالک اورمالکن تشدد کا نشانہ بناتے تھے ۔ والد فوت ہوگئے ہیں، والدہ ایک سال پہلے کام پر چھوڑ کرگئیں اور دوبارہ ملنے نہیں آئی ۔