لاہور، فیصل آباد ( کرائم رپورٹر ، سٹاف رپورٹر ) فیصل آباد میں جھنگ روڈ پر ٹریفک کے المناک حادثہ کے دوران چار دوست جاں بحق ہو گئے ، جمیل ٹاؤن کے رہائشی دوست26 سالہ جنید،22 سالہ عرفان ،21سالہ اسامہ اور19سالہ توقیر عباس مقامی دربار پر محفل نعت ؐمیں شر کت کیلئے موٹر سائیکل پر جا رہے تھے ، جھنگ روڈ حاجی خیر دین پٹرول پمپ کے نواح میں تیز رفتار مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار چاروں دوستوں کو کچل کر مار ڈالا۔ شفیق آباد کے علاقے میں 40سالہ شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا ۔ بتا یا گیا ہے کہ شفیق آباد کے علاقے میں 40 سالہ شرافت سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کار روائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ ہنجروال کے علاقے میں تیز رفتار کار ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ۔ذرا ئع کے مطابق اسلام آباد کا رہائشی 35 سالہ شعیب اسلام آباد سے لاہور آ رہا تھا کہ ہنجروال کے قریب اس کی کار بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والے ڈمپر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔