فیصل آباد(لیڈی رپورٹر، سپیشل رپورٹر) مختلف مقامات پر اساتذہ کا 2طلبا پر تشدد ،بے رحم خاتون ٹیچر نے طالبعلم کا بازو ہی توڑ ڈالا۔تفصیلات کے مطابق چک 254ج ب کے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول میں شرارتیں کرنے پر ہیڈ ماسٹر اسلم ندیم نے چھٹی کے طالبعلم علی حمزہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کا علم ہونے پر سی ای او ایجوکیشن نے اے ای او، بچے کے والد اور استاد کو آج صبح 10 بجے طلب کر لیا ۔ڈجکوٹ کے چک 258رب لماں پنڈ کے شاہد کا بیٹا ارمان گورنمنٹ گرلز ہائی سکول (حصہ پرائمری ) میں کلاس چہارم کا طالب علم ہے ،گزشتہ روز ہوم ورک کی کاپی لیکر جانا بھول گیا جس پر اقرا نامی ٹیچر نے تشدد کرکے ارمان کے بازو کی ہڈی توڑ دی جس پر متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست بھی دیدی گئی ،محکمہ تعلیم کی جانب سے واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے ۔