فیصل آباد (لیڈی رپورٹر)دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ا نجینئرنگ کیمپس کینال روڈمیں مدینہ فاؤ نڈیشن کے زیر انتظام 50 جوڑوں کی شادی کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر نجیب حیدر تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ معروف مذہبی سکالر ز قاری نیاز احمدنے خطبہ نکاح کے بعدقصیدہ بردہ شریف و قصیدہ غوثیہ پیش کئے اور ان نوبیاہتا جوڑوں کی خوشحال ازدواجی زندگی کیلئے خصوصی دعا کی ۔فیصل آباد شہر اور گردو نواح کے دیہات سے یتیم اور مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے تمام ترانتظامات مدینہ فاؤنڈیشن نے سرانجام دیئے جس میں ان جوڑوں کیلئے جہیز کا سامان بھی دیا گیا۔ تقریب میں شریک 2000سے زائد مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی ۔یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طلبہ وطالبات نے اس تقریب کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ۔ یونیور سٹی کی بوائز فاؤنڈیشن کی جانب سے دلہاؤں جبکہ وویمن فاؤنڈیشن کی جانب سے دلہنوں کو خصوصی تحائف بھی پیش کئے گئے ۔ اس نیک کام کیلئے شرکاء نے مدینہ فاؤنڈیشن اور دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔