مکرمی !پاکستان میں اب تک کے ہونے والے تمام الیکشن اور اس الیکشن میں ایک بات بہت ہی مختلف ہے وہ ہے امید جو کہ عوام نے اپنی آنکھوں میں سجائی ہے ۔اس ملک میں تبدیلی کے لیے جو توقعات اس الیکشن سے وابستہ کی گئی ہیں وہ شاید اس سے پہلے کسی الیکشن میں نہیں تھیں اور یہ الیکشن شعور کے حوالے سے بھی منفرد ہیں۔ آج جتنا شعور ووٹر کوسوشل میڈیا کے ذریعے آیا ہے اور جوانوں نے اپنے بزرگوں کی روایتی لیڈر شپ سے جس طرح بغاوت کی ہے اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں شاید اسکی مثال نہ ملے ہاں البتہ 70 کی دہائی کی سیاست میں عوام کی الیکشن میں شمولیت تو نظر آئے گی لیکن عوام اپنے خیالات کا اس بہادری سے اظہار نہیں کر سکتے تھے جیسے کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا نے عوام کو وہ سہولت اور زبان اور سوچ دی ہے جس سے وہ اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔ اگر ہم پچھلے دور حکومت کا جائزہ لیں اور اپوزیشن کی طرز سیاست کو مد نظر رکھیں تو اس دفعہ جو بھی عوام کے ووٹوں کی طاقت سے حکومت بنائے گا اس کے لیے حکومت کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا ۔ ان حالات میں ہر شعبے میں انتہائی ایماندار تجربے کار مخلص اور ملک کا درد رکھنے والی ٹیم کی ضرورت ہوگی ۔ ہم عوام اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ الیکشن میں اس کو کامیابی عطا کرے جو اس ملک کے لیے بہتر ہو اور عوام کو بھی صحیح فیصلہ کرنے کی توفیق دے اور اس ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرے اس ملک کے دشمنوں کو نیست نابود کرے اور االلہ اس ملک کی حفاطت کرے، آمین (محمد شاہد، کراچی)