لاہور(نامہ نگار خصوصی) پنجاب حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جاسکتی ہے ، اگر اپیل دائر نہ کی گئی تو نوازشریف کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع ہوسکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وکلاء رہنمائوں، آئینی ، قانونی ماہرین نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق سیکرٹری سپریم کورٹ آفتاب باجوہ نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف مسلم لیگ ن اپیل دائر کرسکتی ہے جبکہ حکومت نوازشریف کے خلاف قانونی کارروائی بھی کر سکتی ہے ،اس کارروائی میں اشتہاری قرار دینے اور ریڈوارنٹ بھی جاری ہوسکتے ہیں تاہم شریف فیملی اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کرنے میں دیر کی ہے ، نوازشریف اب مطلوب افراد میں شامل ہوگئے ، نوازشریف کو ہائیکورٹ سے ضمانت کر انا ہوگی ، رانا اسداللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت نے ایک بیمار آدمی کی ضمانت کی درخواست مسترد کی ہے جوکہ حکومت کا بغض ہے ۔