اسلام آباد (غلام نبی یوسف زئی ) سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کیلئے اپنی قومی اسمبلی کی نشست برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 3 رکنی بنچ کے مسلم لیگ ن کے دوسینیٹرز سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کی دوہری شہریت پر نااہلی کا فیصلہ موجود ہے جس میں سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ امیدوار کیلئے لازم ہے کہ وہ کاغذات نامزدگی کے وقت کسی اور ملک کی شہریت کا حامل ہوتو اس کے کاغذات نامزدگی درست قرار دینا آئینی طور پر درست نہیں۔مذکورہ فیصلے کی موجودگی میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کیلئے بطور رکن قومی اسمبلی نشست برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔ فیصل ووڈا کے حوالے سے رپورٹس کے مطابق معاملہ زیادہ سنگین ہے کہ انہوں نے بیان حلفی دیا تھا کہ ان کی غیر ملکی شہریت ختم ہو چکی ہے جبکہ وہ کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ختم ہوئی ، اگر یہ درست ثابت ہوا کہ غیر ملکی شہریت نامزدگی کے وقت ختم نہیں ہوئی تھی اور امیدوار نے جھوٹا بیان حلفی دیا تھا تو پھر فیصل ووڈا کو تاحیات نااہلی کا سامنا کرنا پڑیگا۔