سرینگر(نیٹ نیوز)بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ کو متنازع قانون کے تحت گرفتار کرلیا۔امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ بھارتی حمایت یافتہ سینئر سیاست دان ، بھارتی پارلیمان کے رکن کو مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے ) کے اس متنازع قانون کے تحت گرفتار کیا گیاجو انتظامیہ کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ کسی کو بھی بغیر کسی الزام یا ٹرائل کے 2 سال تک قید رکھ سکتے ہیں۔81 سالہ فاروق عبداللہ کو سری نگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، جن کی رہائش گاہ کو 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد سے سب جیل قرار دیا گیا تھا۔اس حوالے سے پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار منیر خان کا کہنا تھا کہ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ ان کی حراست کتنی طویل ہوگی۔