لاہور(سپورٹس رپورٹر) سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئیں، آخری راؤنڈ میچ میں ناردرن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو 39 رنز سے شکست دی، سدرن پنجاب کے خلاف میچ ڈرا کرنے کے باوجود سنٹرل پنجاب کی فائنل میں رسائی، سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 39 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 205 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان اسٹیٹ بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا ہے ۔ پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے ۔