لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ میں قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے آ خری روز نعمان علی کی عمدہ باؤلنگ نے ناردرن کو پہلی کامیابی دلادی،بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کے علاوہ سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ بارش اور کم روشنی کے باعث میچ کے آخری روز صرف26.3اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین عثمان صلاح الدین94 رنز ٹاپ سکورر رہے ۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ناردرن نے کپتان نعمان علی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سندھ کو 145 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔345 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ اوپنر سمیع اسلم کی ایونٹ میں چوتھی سنچری کی بدولت سدرن پنجاب نے 5وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ سمیع اسلم نے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔