لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں کھیلے جا نے والے تینوں میچ ڈرا ہو گئے ۔ سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں میچ کے اختتام تک سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 30 اوورز میں 107 رنز بنائے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ سمیع اسلم 50 اور عمر صدیق 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز کپتان شان مسعود تھے جو32 رنز بناکر ظفر گوہر کا شکار بنے ۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز 348 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 473رنز بن اکر آؤٹ ہو گئی۔ محمد سعد 70 اور فہیم اشرف 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اس طرح انہیں پہلی اننگز میں قیمتی چھ رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں سمیع اسلم کے 243 رنز کی بدولت 467 رنز بنائے تھے ۔ ناردر ن ٹیم فالو آن کا شکار ہونے کے بعد آصف علی اور محمد نواز کی سنچریوں کی بدولت خیبرپختونخوا کے خلاف میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔آصف علی نے 18 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 114 رنز بنائے ۔ محمد نواز نے 100 رنز سکور کئے ۔ عمر امین نے 80 اور روحیل نذیر نے 46 رنز بنائے ۔ مجموعی طور پر میچ میں 5 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے والے ذوہیب خان نے دوسری اننگز میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیبرپختونخوانے پہلی اننگز میں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 526 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ کپتان محمد رضوان 176 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے 99 رنزسکور کیے تھے ۔ یو بی ایل سپورٹ کمپلیکس کراچی میں سندھ کے 473 رنز کے جواب میں بلوچستان کرکٹ ٹیم نے نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 355 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ امام الحق 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، خرم شہزاد نے 44 رنز سکور کئے ۔سندھ کی جانب سے کاشف بھٹی اور اسد شفیق نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں سندھ نے پہلی انگز مین عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز کی بدولت 473 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔